عید الاضحی پر احتیاط نہ کی تو کورونا مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عیدالاضحی پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہوا تو کورونا وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔

کہوٹہ میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کے لیے شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، 5 سال میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف رکھا ہے،  جنگلات کے تحفظ کے لیے طلباء پر مشتمل نگہبانوں کو ذمہ داری دے رہے ہیں، ‏ہراسکول میں ہفتے میں 2 گھنٹے بچوں کو گرین اور کلین پاکستان کا شعور دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ‏‏جو تباہی دنیا میں آئی ہے پاکستان اس سے ابھی تک بچا ہوا ہے، عیدالفطر پر بے احتیاطی کے باعث وائرس تیزی سے پھیلا، اگر عیدالاضحی پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہوا تو وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، ہر شہری فرض سمجھ  کر عیدالاضحی  پر ایس او پیز پر عمل درآمد کرے۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ماحولیات کو اہمیت نہیں دی، ہم نے 9 نیشنل پارکس ڈیکلیئر کردیے ہیں جن سے ماحول، جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا، شہروں کی بے ہنگم آبادی کو روکنے کے لیے شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، تیزی سے پھیلتے شہروں کو روک کر پانی اور ماحول کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔