آرٹس کونسل میں ’’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘ کا آغاز، 18 ڈرامے پیش کیے جائیں گے

 کراچی: آرٹس کونسل میں ’’ عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘ کا آغاز کردیا گیا جب کہ فیسٹیول میں 18 ڈرامے پیش کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر ثقافت سردار علی شاہ نے آرٹس کونسل میں منعقدہ ’’ عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل نے پورے ملک کے فنکاروں کو یکجا کردیا،کورونا کی وجہ سے ثقافتی سرگرمیاں معطل رہیں ڈر اور خوف کی فضامیں اس طرح کے میلے تازہ ہوا کا جھونکا ہیں۔

احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا کے پیشِ نظر ثقافتی سرگرمیاں معطل رہیں لیکن سندھ ثقافتی سرگرمیوں کے آغاز میں دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا ہے جس کا ثبوت عوامی تھیٹر فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز ہے۔

اس موقع پر ہدایت کار پرویز صدیقی کا ڈرامہ خالہ خیالوں میں پیش کیا گیا ، فیسٹیول میں 18 ڈرامے پیش کیے جائیں گے اردو، سندھی، سرائیکی، پنجابی اور میمنی زبان میں بھی ایک ڈرامہ پیش کیاجائے گا۔