دوارکا آپریشن کے غازی وائس ایڈمرل (ر) اقبال فضل قادر انتقال کرگئے

 لاہور: جنگ ستمبر میں دوارکا آپریشن کے غازی وائس ایڈمرل (ر) اقبال فضل قادر کراچی میں انتقال کرگئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جنگ ستمبر میں دوارکا آپریشن کے غازی وائس ایڈمرل (ر) اقبال فضل قادر کراچی میں انتقال کرگئے۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وائس ایڈمرل اقبال فضل قادر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، امیرالبحر ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے وائس ایڈمرل اقبال فضل قادر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ 1951ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کرنے والے وائس ایڈمرل اقبال فضل قادر دوارکا آپریشن کے دوران پی این ایس عالمگیر کی کمانڈ کر رہے تھے۔ خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔