بلدیاتی انتخابات، پنجاب حکومت دھاندلی کا ہر حربہ آزمارہی ہے، شاہ محمود

لاہور: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کی شفافیت خطرے میں ہے، عام انتخابات کی تاریخ دہرائی گئی توعوام سڑکوں پر ہوں گے، پنجاب حکومت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے اپوزیشن جماعتوں کو تجویزدی کہ شفاف انتخابات کے لیے مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی بنائیں۔ انھوں نے پنجاب حکومت کوخبردار کیاکہ انتخابات شفاف ہونے چاہئیں چاہے پی ٹی آئی جیتے یاہارے۔ پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ دہرائی گئی تواس بارعوام سڑکوں پر ہوںگے۔ بلدیاتی انتخاب کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاںکی جارہی ہیں۔ پچھلی تاریخوں میں ٹینڈر کرکے ترقیاتی اسکیموں پر کروڑوں روپے صرف کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب کے وزراانتخابی مہم چلارہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے لیے تمام حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ن لیگ کے ارکان اسمبلی کے ایماپر حلقہ بندیاں کی گئیں۔ بیوروکریسی پربے پناہ دباؤ ہے جوغیر قانونی احکام نہیں مان رہے، ان کے تبادلے کیے جارہے ہیں۔ ن لیگ کی پالیسی ہے جودب سکتاہے دبادو، جوخریدا جاسکتا ہے خریدلو۔ سیاسی دباؤ کے باعث تحریک انصاف نے عدلیہ کی نگرانی میںبلدیاتی الیکشن کرانے کا مطالبہ کیاتھا۔ انتخابات کاشفاف انعقادالیکشن کمیشن کے لیے سب سے بڑاچیلنج ہے۔