پشاور میں ناکے پر نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے شہری جاں بحق

 پشاور: بڈھ بیر کے علاقے میں ناکے پر نہ رکنے پر پولیس نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہری جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ رات کے وقت پیش آیا اور سی سی پی او پشاور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے پر ایس ایچ او بڈھ بیر اعجاز خان کو معطل کردیا۔

سی سی پی او پشاور کے حکم پر چوکی انچارج سمیت 4 پولیس اہلکاروں اے ایس آئی نصیب جان، حوالدار منان، سپاہی شکیل اور سپاہی صالح محمد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔  سی سی پی او پشاور عباس احسن نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں اور ملزمان کے خلاف  مزید تفتیش جاری ہے۔