بعض جج معاملات کو چلنے نہیں دے رہے،شوکت عزیز کا مشرف کو خط میں شکوہ

اسلام آ باد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی طرف سے اپنے دلائل میں اس وقت کے وزیر اعظم شوکت عزیز کی طرف سے لکھے خط کو ایمرجنسی کے نفاذ کا جواز قرار دیا جارہا ہے۔

جو اس وقت صدر جنرل پرویز مشرف کو ملکی صورتحال کے حوالے سے لکھا گیا تھا اس خط میں سابق وزیر اعظم نے قومی سلامتی کی صورت حال پر اپنے خیالات اور پاکستان کے مستقبل کو درپیش خطرات کے متعلق لکھا تھا۔ سابق وزیر اعظم نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ حکومت نے انتہاپسند عناصر اور دہشتگردوں کی سرگرمیوں کیخلاف متعدد مواقع پر جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کے متعلق عدلیہ کے بعض ارکان کی طرف سے اعتراضات اٹھائے گئے ہیں جن کی وجہ سے حکومتی اقدامات ناممکن ہو رہے ہیں۔عدلیہ کے بعض ارکان کی جانب سے حکومتی پالیسی میں مداخلت بڑھ رہی ہے جس سے نہ صرف اقتصادی ترقی بری طرح متاثر ہو رہی ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری بھی رک گئی ہے۔