بچوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والی استانی آسٹریلیا کے حوالے

تل ابيب: اسرائیل نے اسکول طلبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں طویل قانونی جنگ کے بعد استانی کے ملک آسٹریلیا کے حوالے کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق ٹیچر ملکہ لائفر کو اسرائیل نے آسٹریلیا کے حوالے کردیا ہے۔ خاتون ٹیچر پر آسٹریلیا میں اسکول کے طلبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے 72 الزامات تھے جس پر آسٹریلیا نے استانی کی حوالگی کے لیے 6 سال تک قانونی جنگ لڑی تھی۔

ملکہ لائفر پر آسٹریلیا میں قیام کے دوران جوئش اسکول میں دوران درس و تدریس کئی طلبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے 72 الزامات تھے۔ ان الزامات سے بچنے کے لیے وہ 2013 میں اپنی جائے پیدائش اسرائیل لوٹ گئی تھیں۔

آسٹریلیا اور جوئش اسکول کے عہدیداروں نے خاتون ٹیچر کی حوالگی کے لیے اسرائیل سے رابطہ کیا تاہم خاتون ٹیچر نے عدالت رجوع کیا اور تاخیری حربے استعمال کرتی رہیں۔

گزتشہ برس اسرائیلی عدالت نے خاتون ٹیچر کی آخری درخواست کو رد کرتے ہوئے آسٹریلیا کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔