ممبئی حملہ کیس: بھارت نے پاکستانی کمیشن کو گواہوں پر جرح کی اجازت دیدی

راولپنڈي: ممبئی حملہ کیس میں پاکستان کے عدالتی کمیشن کے دوبارہ بھارت جانے کا امکان پیدا ہوگیا۔

بھارت نے کمیشن کو 4 بھارتی گواہان پر جرح کی اجازت دیتے ہوئے پاکستان کوزبانی طور پرآگاہ کردیا،آئندہ ہفتے تحریری طور پر آگاہ کیاجائے گا، عدالتی کمیشن نے بھارت جانے کی تیاریاں شروع کردیں، رواں سال مارچ میں پاکستانی عدالتی کمیشن نے بھارت میں 4 گواہان تفتیشی افسر ایس پی رمیش مہالے، اجمل قصاب کااقبالی بیان ریکارڈ کرنے والی مجسٹریٹ مسز آر وی سووندبگولے اورہلاک ہونے والے 166 افراد کا پوسٹ مارٹم کرنے والے 2 ڈاکٹروں گنیش اور سالیش کے بیان توریکارڈ کرلیے تھے۔

تاہم بھارتی مجسٹریٹ نے ان پر جرح کی اجازت نہیں دی تھی جس کے باعث انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی نے کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی تھی،دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ہفتے کوممبئی حملہ کیس کی سماعت گواہان کی عدم حاضری پر 15 ستمبر تک ملتوی کر دی،آئندہ تاریخ پر مزید4 گواہان کو طلب کیا گیا۔