چین اورجاپان کے درمیان جنگ عظیم اول جیسی صورت حال ہے، جاپانی وزیراعظم

ٹوکیو: جاپان کے وزیراعظم  نے چین کے ساتھ جاری کشیدہ سیاسی حالات کو پہلی جنگ عظیم کے موقع پر برطانیہ اور جرمنی کے درمیان ہونے پیدا ہونے والی صورت حال سے تشبیہ دی ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم شنزو ابے کا عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جاپان اور چین اس وقت ایسی صورت حال سے گزر رہے ہیں جیسے پہلی جنگ عظیم سے قبل برطانیہ اور جرمنی گزرے تھے، برطانیہ اور جرمنی کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات تھے لیکن اس کے باوجود بھی 1914 میں ان کے درمیان جنگ چھڑ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے اپنی فوج میں مسلسل اضافہ خطے میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کرنے کا باعث بن رہا ہے۔

جاپانی وزیراعظم نے کہا کہ باہمی تنازعات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے سے حل کیا جانا چاہئے نہ کہ اپنی طاقت اور کسی بھی علاقے پر غیرقانونی  قبضہ کرکے۔

دوسری جانب چینی حکام نے جاپانی وزیراعظم  کے یاسوکنی کی یاد گار کا دورہ کرنے کی ایک بار پھر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول اورگھٹیا حرکت قراردیا، حکام کا کہنا تھا  جاپانی وزیراعظم اپنی اس حرکت سے خطے میں جاری غیر یقینی صورت حال کو انتہائی خطرناک سطح پر  لے آئے ہیں۔