گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے کے قریب خودکش حملہ، چینی شہری زخمی

 کوئٹہ: گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے کے قریب خودکش حملے کے باعث دو بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ دو بچے اور ایک چینی شہری زخمی ہوگیا۔

وزارت داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے پر پاکستان آرمی اور پولیس کے دستوں کی مربوط سکیورٹی کے ہمراہ چار گاڑیوں پر مشتمل چینی شہریوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ فشر مین کالونی کے قریب کوسٹل روڈ پر پیش آیا۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی گاڑیوں کا قافلہ جب فشر مین کالونی کے قریب پہنچا تو ایک نوجوان کالونی سے باہر بھاگا ہوا آیا، خوش قسمتی سے سادہ لباس میں پاکستان آرمی کے جوانوں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس نے قافلے سے 15 سے 20 میٹر کے فاصلے پر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے سے ایک چینی شہری زخمی ہوا جبکہ جائے وقوع پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دشمن ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا، فواد چوہدری

اس حوالے سے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ گوادر حملہ چین اور پاکستان کی عظیم قیادت کے معاشی وژن کے خلاف تخریب کاری کا ایک اور کھیل ہے، دشمن ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا، ہم مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔