آئی جی سندھ کا پولیس اہلکاروں کو شہریوں کے ویکسینیشن کارڈ چیک کرنے کا حکم

 کراچی: آئی جی سندھ مشتاق مہر نے پولیس افسران و اہلکاروں کو شہریوں کے کورونا ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے کی مہم فوری طور پر شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق مہر نے پولیس افسران و اہلکاروں کو حکم دیا ہے کہ وہ شہریوں کے کورونا ویکسی نیشن کارڈ چیک کریں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اس مہم کا فوری طور پر آغاز کیا جائے، مہم کا آغاز سندھ حکومت کے احکامات پر کیا جارہا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ چیف سیکریٹری نے متعلقہ ایڈمنسٹریشن افسران و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ویکسی نیشن کارڈ چیک نہ کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا لہٰذا تمام فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ شہریوں کے کارڈز چیک کریں اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر بھی مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ان تمام تر اقدامات کے بارے میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے تاکہ سندھ حکومت کو بھی آگاہ کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی شہریوں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے جائیں جس کے بعد اب سندھ پولیس نے اس حکم پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔