سندھ حکومت کا میڈیکل کالجز میں داخلہ میرٹ 50 فیصد تک لانے کا فیصلہ

 کراچی: سندھ حکومت نے میڈیکل کالجز میں داخلہ میرٹ 50 فیصد تک لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کا اجلاس جمعرات 2 دسمبرکوصبح دس بجے وزیراعلی ہاؤس کراچی میں طلب کرلیا ہے۔

سندھ کابینہ میں محکمہ صحت سندھ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلوں کے لیے پاکستان میڈیکل کمیشن(PMC) کے احکامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے صوبے میں اپنا قانون بنانے کی سفارشات پیش کرے گی، سندھ میں میڈیکل اور ڈینٹل کے داخلوں کے معاملے کو قانونی شکل دینے کی تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔

داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ میں کم سے کم 50 فیصد تک میرٹ کو لے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کو سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد قانونی شکل دی جائے گی۔

محکمہ صحت نے سمری تیار کر کے وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے جسے کابینہ سے منظور کرایا جائیگا جب کہ کابینہ کے فیصلے کے بعد سندھ کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کا مرحلہ شروع ہوگا، صوبائی کابینہ دیگراہم امورپربھی غورکے بعد ان کی منظوری دے گی۔

مزید برآں ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ سندھ اسمبلی سے منظورکی جانے والی قرارداد کی روشنی میں خلاف ضابطہ تعمیرکی گئی رہائشی عمارتوں کو ریگولرائز کرنے سے متعلق آرڈیننس کے اجراء سمیت دیگر آپشنز پر غوراورمشاورت کے بعد لائحہ عمل کی منظوری دے گی۔