ضمنی انتخابات سے قبل ووٹرلسٹوں میں تبدیلی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

 لاہور: پنجاب میں ضمنی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں میں تبدیلی کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

شہری منیر احمد کی جانب سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں میں تبدیلی کردی ہے، جو کہ خلاف قانون اقدام ہے۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں چیف الیکشن کمشنر، صوبائی الیکشن کمشنر کو فریق بناتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ کئی زندہ لوگوں کے ووٹوں کو مردہ قرار دے کر ووٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے ضمنی انتخابات میں دھاندلی ہو سکتی ہے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218 (3) اور 222 کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جب کہ صاف شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے ۔ لاہور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کو تمام ووٹرز کے ووٹ اصل جگہ پر بحال کرنے کا حکم دے۔