کینیڈا میں خالصتان ریفرنڈم؛ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار

اوٹاوا: کینیڈا میں خالصتان ریفرنڈم سے پہلے ہی بھارت گھبرا گیا اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ریفرنڈم کو رکوانے کے لیے سرگرم ہوگیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں سکھ تنظیموں کی جانب سے 18 ستمبر کو خالصتان پر ریفرنڈم کرایا جائے گا جس کا اعلان ہوتے ہی بھارتی سفارت خانہ سرگرم ہوگیا اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ریفرنڈم رکوانے کی کوشش کر رہا ہے۔

کینیڈا کے ایک مندر کے دروازے پر خالصتان کا نعرہ لکھنے کے واقعے کو بہانہ بناکر بھارتی حکومت نے کینیڈا سے شدید احتجاج کیا اور ریفرنڈم کے انتظامی رہنماؤں کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

مندر پر خالصتان کا نعرہ لکھنے سے قبل سکھ رہنما جرنل بھنڈروالا کا پوسٹر پھاڑنے کا واقعہ رونما ہوا جس پر سکھ کمیونٹی سراپا احتجاج تھی۔ سکھ لیڈر کا پوسٹر پھاڑنے پر مقامی پولیس نے ایک بھارتی نژاد شخص کو گرفتار بھی کیا تھا۔

بھارت کا دباؤ مسترد کرتے ہوئے خالصتان کے حامی کئی سو سکھوں نے بھارتی قونصلیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا بھارتی سفارتکاروں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہ بھارت ریفرنڈم سے گھبرا کر خود ہی مندر پر حملے اور نعرے لکھنے میں ملوث ہے۔