سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کا وفاقی حکومت کا حکم بحال

 لاہور: فیڈرل سروس ٹریبونل نے وفاقی حکومت کی اپیل کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو کام سے روکنے کا وفاقی حکومت کا حکم بحال  کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر کو معطل کر دیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل سروس ٹریبونل کے قائم مقام چیئرمین رانا زاہد محمود اور ممبر جاوید غنی نے وفاقی حکومت کی اپیل پر تحریری حکم جاری کیا، جس میں سی سی پی او لاہور کو بحال کرنے کا 10 نومبر کا فیصلہ معطل کردیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی غلام محمود ڈوگر کو آئی جی بنانے کی سفارش

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر غلام محمود ڈوگر کی اپیل قبل ازوقت تھی تو معطلی کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کیوں روکا گیا ؟ٹربیونل کے بینچ نمبر 3 نے اس معاملے پر اپنا دائرہ اختیار کیسے استعمال کیا ؟ فیڈرل سروس ٹریبونل نے وفاقی حکومت کی اپیل پر لارجر بینچ تشکیل دے دیا، جو چیئرمین کی سربراہی میں مزید سماعت 5 دسمبر کو کرے گا۔

مزید پڑھیں: سی سی پی او لاہور نے وفاق کی جانب سے معطلی ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی 10 نومبر کی درخواست پر فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا سی سی پی او لاہور کی خدمات وفاق کو واپس دینے سے انکار

قبل ازیں اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے 5 نومبر کو سی سی پی او لاہور کو  کام سے روک دیا تھا ۔ وفاقی حکومت نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد احتجاج کے دوران گورنر ہاؤس کی سکیورٹی یقینی نہ بنانے پر 5 نومبر کو سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو معطل کیا تھا ۔