ون ڈے اور ٹی 20 کی الگ ٹیمیں بنائی جائیں، ویمن کپتان

لاہور: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے ون ڈے اور ٹی20 کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ہماری کھلاڑیوں کا مینز ٹیم سے کوئی موازنہ نہیں ہوسکتا ۔

ان کا نچلی سطح تک انفراسٹرکچر موجود لیکن لڑکیوں کیلیے گراس روٹ لیول پر کھیلنا بھی جان جوکھوں میں ڈالنے کے مترادف ہے ۔ نمائندہ ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بعض لوگ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر محمد حفیظ کی طرح مجھ سے بھی مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں، انھیں اس بات کی سمجھ ہونی چاہیے کہ ملک میں مینز اور ویمنز کرکٹ کے انفرااسٹرکچر میں زمین آسمان کا فرق ہے، ثنا میر نے کہا کہ ترقی کیلیے نچلی سطح پر کھیل کو فروغ دینا ہوگا، اس کے ساتھ ٹی20 اور ون ڈے کیلیے الگ الگ ٹیمیں بنائی جائیں تاکہ ہر پلیئر اس کی مناسبت سے اپنے آپ کو ڈھال سکے۔

دوسری طرف کوچ محتشم رشید نے کہاکہ میگا ایونٹ میں ناقص کارکردگی پر مینز اور ویمنز ٹیم کیساتھ ایک جیسا برتاؤ کرنے کی بات مناسب نہیں ہے، ہماری خواتین کو کھیلنے کیلیے جو چیلنجز درپیش ہیں وہ مردوں کو نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی20میں ٹیم کی کارکردگی اتنی بھی بُری نہیں رہی جتنا شور مچایا جا رہا ہے، پلیئرز کی پرفارمنس میں بہتری آ رہی ہے، ہم سب کو مل کر ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ویمنز ٹیم میں بھی بڑی تبدیلیوں کی بات کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہے کہ ہمارے ملک میں کرکٹ نچلی سطح پر نہ ہونے کے برابر ہے، جو کھلاڑی ٹیم میں ہیں ان کا متبادل بھی موجود نہیں،اگر ہمیں مستقبل میں نام کمانا ہے تو گراس روٹ لیول پر کام کرنا ہوگا۔