کوئٹہ میں پولیس کا وکیل پر تشدد تو وکلا نے بھی پولیس اہلکاروں کی درگت بناڈالی

کوئٹہ: پولیس اہلکار کی جانب سے وکیل پر تشدد کے خلاف سراپا احتجاج وکلا برادری نے بھی پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قاسم اچکزئی ایڈوکیٹ کی ضلع کچہری کے داخلی دروازے پر پولیس اہلکار سے سیکیورٹی کے معاملے پر تکرار ہوئی جو جگھڑے میں تبدیل ہو گئی اور پھر پولیس اہلکار نے وکیل پر تشدد کیا اور ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی وکلا برادری نے ضلع کچہری سے منان چوک تک احتجاجی ریلی نکالی اور مشتعل مظاہرین نے قریب کھڑی پولیس کی وین سے اہلکاروں کو باہر نکال کر نہ صرف ان کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیئے،اس دوران پولیس  نے وکلا کو مشتعل کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

دوسری جانب وکلاکا کہنا ہے کہ جب تک وکیل پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کو معطل نہیں کیا جاتا اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔