کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فائنل میں جگہ بنالی

گلاسکو: کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے گھانے کے باکسر کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی جس کے بعد پاکستان کا مزید ایک اور چاندی کا تمغہ یقینی ہوگیا ہے۔

 26 سالہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے 52 کلو گرام فلائٹ ویٹ کیٹیگری میں مدمقابل گھانا کے باکسرکو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا ئی جس کے بعد محمد وسیم طلائی تمغے سے ایک قدم دور ہیں جب کہ  فائنل میں ان کا مقابلہ آسٹریلوی باکسراینڈریومولونی سے ہوگا۔

گھانا کے باکسر کو چت کرنے کے بعد میڈیا سے بات  کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا ترانہ بجے اسی لئے طلائی تمغے کے حصول  کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فائٹ سے قبل سابق ورلڈ چیمپئن عامر خان نے ملاقات کرکے میری رہنمائی کی جس کی بدولت جیت کا حوصلہ پیدا ہوا، محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ طلائی تمغہ جیت کر پاکستانی عوام کو خوشی دینا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے 3 چاندی کے تمغے حاصل کرلئے ہیں اور فائنل میں کامیابی کے بعد محمد وسیم ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔