اشتعال انگیزی سے گریز اور معاملہ فہمی سے کام لیا جائے، الطاف حسین

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں آزادی مارچ کے شرکا پر مبینہ فائرنگ اور پتھراؤ کے واقعات پر گہری تشویش اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں الطاف حسین نے فریقین سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کریں،قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلیے پرامن رہیں،ایک دوسرے کے سیاسی،آئینی وقانونی حقوق کااحترام کریں اور ہر قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔الطاف حسین نے مبینہ فائرنگ اور پتھراؤ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے کارکنوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریں اثناایک بیان میں الطاف حسین نے دہشت گردوں کے کوئٹہ میں سمنگلی ایئربیس اور خالد آرمی ایوی ایشن بیس پربیک وقت حملے کی سخت مذمت کی اوران حملوں کوبدترین کارروائی اورملک کی سلامتی پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے باوجوددہشت گردوں کا سمنگلی ایئربیس اور خالد آرمی ایوی ایشن پرحملہ کھلی دہشتگردی ہے اوریہ حملے ملک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش کا تسلسل ہے،سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملوں کو جس جواں مردی سے ناکام بنایا اس پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کوجس قدرخراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اور ممتاز قانون دان بیرسٹر احمد رضا قصوری سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تمام سیاسی قوتیں ایک دوسرے کا احترام کریں اور معاملات کو افہام وتفہیم اور بات چیت سے حل کریں، دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

احمد رضا قصوری نے الطاف حسین سے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بڑے تصادم کا خطرہ تھا لیکن آپ نے بھرپور کوشش کرکے معاملے کو افہام وتفہیم سے حل کرادیا،میں آپ کی فہم وفراست اوردانش کوسلام پیش کرتاہوں۔ ایم کیوایم کے اعلامیے کے مطابق سابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر رحمٰن ملک نے الطاف حسین سے فون پر گفتگوکی اور ان سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ رحمٰن ملک نے پاکستان عوامی تحریک کومارچ نکالنے کی اجازت دلوانے کے سلسلے میں بھرپورکوشش کرنے اورمعاملے کوافہام وتفہیم سے حل کرانے پرانھیں مبارکباد پیش کی۔

رحمن ملک نے موجودہ صورتحال میں الطاف حسین کے مثبت کردار کو سراہا۔ الطاف حسین نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال معاملہ فہمی کاتقاضہ کرتی ہے۔ایم کیوایم پنجاب ہاؤس لاہور میں ٹیلی فون پربات چیت کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ خلق خداکی خدمت ، ایم کیوایم کانصب العین ہے اورایم کیوایم دکھی انسانیت کی خدمت کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ملک بھرمیں آج ایم کیوایم کے بارے میں جن مثبت خیالات کا اظہار کیا جارہا ہے اس کا سہرا تحریک کے ایک ایک پرعزم کارکن کے سرجاتا ہے جنھوں نے اپنی گھریلو مصروفیات، آرام اور سکون ترک کرکے انسانیت کی خدمت کیلیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کیا۔

انھوں نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نامساعد حالات اور مشکلات کے باوجود یوم شہدا کے شرکا کو کھانا، پانی، دودھ اور مریضوں کوعلاج ومعالجے کی سہولیات کی فراہمی پرایم کیوایم کے ذمے داروں،کارکنوں بالخصوص میڈیکل ایڈکمیٹی کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں الطاف حسین نے پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق اورزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور خیبرپختونخواحکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمی ہونے والے افراد کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکے۔