وزیراعظم نے تھر میں قحط سے اموات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد: ویزراعظم نواز شریف نے تھر میں قحط سے ہونے والی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے متاثرہ خاندانوں کو دی جانے والی مالی امداد کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ویزراعظم نواز شریف نے تھر میں قحط سالی کے باعث ہونے والی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے جب کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں میں رقوم کی تقسیم کے حوالے سے گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی  پر مبنی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ وزیراعظم نے فوج کو متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

واضح رہے کہ تھر کے علاقے مٹھی میں ایک اور بچے کی ہلاکت کے بعد رواں ماہ قحط سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔