جادو گرد اسپنر سعید اجمل کے ایکشن میں بہتری

لیسٹر: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پابندی کا شکار قومی ٹیم کے جادو گر اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں بہتری آئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعید اجمل نے اپنے بولنگ ایکشن میں بہتری کے بعد انگلینڈ میں دوسرا ٹیسٹ دیا ہے جس میں ان کے بولنگ ایکشن میں بہتری آئی ہے.  ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کا بولنگ ایکشن 15 ڈگری کے قریب پہنچ گیا ہے تاہم انہیں ’دوسرا‘ پر مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ جنوری سے قبل سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں بہتری لائی جائے تاکہ وہ فروری میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کے لئے دستیاب ہوں۔

واضح رہے کہ سعید اجمل نے آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے بعد اپنے بولنگ ایکشن میں بہتری کے بعد جو پہلا بائیو مکینس ٹیسٹ دیا تھا اس میں ان کے بازو کا اینگل 20 ڈگری سے زائد تھا جب کہ آئی سی سی کی جانب سے بولرز کے لئے 15 ڈگری تک ہاتھ گھمانے کی اجازت ہے۔