مظفر گڑھ میں جنسی خواہش میں ناکامی پر با اثر افراد نے خاتون پر تیزاب پھینک دیا

مظفر گڑھ: علی والا چوک پر با اثرافراد نے خاتون پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں اس کا جسم 60 فیصد تک جھلس گیا اور اسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے علی والا چوک قریشی میں علاقے کے بااثر افراد عذرا نامی خاتون کو جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے اسے مجبور کررہے تھے لیکن خاتون کی جانب سے شدید رد عمل کے بعد سعید نامی شخص نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اس پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں اس کا جسم 60 فیصد تک جھلس گیا اور اسے تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

عذرا نامی خاتون چار بچوں کی ماں ہے اور اس کا شوہر لاہور میں مزدوری کرتا ہے، پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں 3 افراد کے خلاف تھانہ چوک قریشی میں مقدمہ درج کرلیا ہے جن میں سعید، اقبال اور ایک نامعلوم شخص کو بھی نامزد کیا گیا ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔