آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے کسی صورت ہار نہیں مانیں گے اور جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں کرلیتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

پشاور پہنچنے پر وزیر اعظم کو اسکول سانحے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پشاور اسکول کا واقعہ ظلم کے ساتھ ساتھ سفاک دہشت گردوں کی بزدلی کا بھی ثبوت ہے اور ایسے نازک موقع پر قوم کا اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملائی گی اور جب تک ملک کو دہشت گردی سے پاک نہیں کردیتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے افواج پاکستان کے ساتھ ملک کر آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ شروع کیا ہے جو اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دہشت گردی کو ملک سے پوری طرح ختم نہیں کردیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور یہ مرحلہ بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔