وزیراعظم نوازشریف سے برطانوی باکسرعامرخان کی ملاقات، سانحہ پشاورکی شدید مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف سے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملاقات کی اور سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران ہیوی ویٹ باکسر عامر خان نے سانحہ پشاور پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی کے لئے حکومتی اقدامات کی حمایت کی اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے اپنے تعاون کی پیش کش کی۔ عامر خان نے وزیراعظم سے پاکستان میں باکسنگ اکیڈمی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز باکسر عامر خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے فوجی ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی تھی جس کے بعد انہوں نے پشاور کے متاثرہ آرمی پبلک اسکول اور بنوں میں آئی ڈی پیز کے خیموں کا دورہ بھی کیا۔