ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پرامریکا اوراسرائیل کے درمیان تناؤ میں اضافہ

واشنگٹن: ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان تناؤ میں مزید اضافہ ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول کو روکنے کے لئے کوششیں روک دی ہیں جس کی وجہ سے اسرائیل کی سلامتی خطرے میں پڑتی جارہی ہے اور اسرائیل کو اس قسم کے خطرے سے بچانے کے لیے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں جبکہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اسرائیلی وزیراعظم کی رائے کو غلط قرار دیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ بڑھتا جارہا ہے۔

دوسری جانب امریکی ریپبلکن پارٹی نے اسرائیلی وزیراعظم کو اگلے ہفتے کانگریس سے خطاب کرنے کی دعوت دی ہے جس پر ڈیموکریٹک رہنما ناراض ہیں جب کہ وائٹ ہاؤس ترجمان نے امریکا اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے معاملے کو سیاسی معاملہ بنانے سے خبردار کیا ہے اور نیتن یاہو کے دورہ امریکا کو باہمی تعلقات کے لئے تباہی قرار دیا ہے۔