پاکستان سیکریٹری خارجہ ملاقات میں حیران کن نتائج کی توقع نہ رکھے، بھارتی حکام

نئی دلی: بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورہ پاکستان سے قبل ہی بھارتی حکام نے اس کے نتیجے میں کسی حیران کن نتائج سامنے آنے کی توقع نہ رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکام نے واضح کردیا ہے کہ بھارتی سیکریٹری خارجہ جے شنکر کا دورہ پاکستان کا بنیادی مقصد وہاں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس پر تبادلہ خیال کرنا ہے تاہم اس دورے کے نتیجے میں کسی بھی حیران کن نتائج کی توقع نہ رکھی جائے۔

بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ کہ پاک بھارت مذاکرات کا فی الحال دوبارہ ٹریک پر آنے کا کوئی امکان نہیں جب کہ سیکریٹری سطح پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے کسی ڈرامائی نتائج کی توقع کرنا حیران کن ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ سال اگست میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری رہنماؤں سے ملاقات کے بعد طے شدہ سیکریٹری خارجہ کی ملاقات منسوخ کردی تھی جس کے بعد اب یہ ملاقات 3 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے جارہی ہے جبکہ پاکستان آئندہ سال ہونےوالی سارک ممالک کانفرنس کی میزبانی بھی کرے گا۔