الیکشن کمیشن نے مالی بے ضابطگیوں سے متعلق درخواست پر تحریک انصاف سے بیرون ملک فنڈنگ کی تفصیل طلب کرلیں

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مالی بے ضابطگیوں سے متعلق درخواست پر پاکستان تحریک انصاف سے بیرون ملک فنڈنگ کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اکبرشیربابرکی درخواست پرسماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والی تمام فنڈنگ کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ درخواست کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی گئی۔ چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) سرداررضا خان کی سربراہی میں 4رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے سابق نائب صدراکبرایس بابر نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف میں بیرون ملک سے آنے والی رقم میں بے انتہا کرپشن کی گئی ہے۔تحریک انصاف کے وکیل شاہین ایڈووکیٹ نے یقین دلایا کہ وہ 6مئی تک بیرون ملک سے آنے والی تمام فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن میں رپورٹ جمع کرائیں گے۔