پہلا ٹیسٹ؛ بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنالئے

کھلنا: پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام تک بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنالئے۔ 

کھلنا کے شیخ ابو نصر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور امر القیس نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 52 رنز کی شراکت قائم کی۔ جسے یاسر شاہ نے تمیم اقبال کی وکٹ لے کر ختم کیا۔ جس کے بعد امر القیس نے مومن الحق کے ہمراہ اسکور بورڈ کو متحرک رکھا اسی دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری اسکور کی ۔ 92 کے مجموعی اسکور پر امر القیس محمد حفیظ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد مومن الحق اور محمود اللہ نے پاکستانی بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، دونوں کھلاڑیوں نے 95 رنز کی شراکت قائم کرکے اسکور کو 187 تک پہنچایا۔ اس موقع پر وہاب ریاض نے محمود اللہ کو 49 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

چوتھی وکٹ پر مومن الحق کا ساتھ دینے شکیب الحسن میدان میں اترے، دونوں کھلاڑیوں نے مل کر بنگلا دیش کے مجموعی اسکور میں 49 رنز کا اضافہ کیا، 236 رنز کے مجموعی اسکور پر مومن الحق کو ذوالفقار بابر نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض، یاسر شاہ، محمد حفیظ اور زوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔