ڈرگ اتھارٹی غیرقانونی دواؤں کی رجسٹریشن روکنے میں ناکام

اسلام آباد: دواؤں کا معیار بہتر بنانے، جعلی و زائد المعیاد دواؤں کے خاتمے کیلیے قائم کی جانے والی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اپنے قیام کے2 سال بعد بھی غیر قانونی دواؤں کی رجسٹریشن روکنے میں ناکام ہوگئی۔

اتھارٹی قانون کے تحت ملک بھر سے جعلی دواؤں کی روک تھام کیلیے ڈرگ انسپکٹروں کی بھرتی ممکن بنائی گئی نہ ہی فیڈرل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام میں پیش رفت ہو سکی، ذرائع نے بتایا کہ اتھارٹی حکام صرف تنخواؤں اور ٹی اے ڈی اے بنانے میں مصروف ہیں جبکہ دوسری طرف غیر قانونی جنسی دواؤں کی رجسٹریشن ہو رہی ہے جو نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر رہی ہے، افسران نے صحت کی وزیر مملکت سائرہ افضل کو بھی اصل صورت حال سے آگاہ کرنے کے بجائے دیگر معاملات میں الجھا رکھا ہے۔