نیویارک میں وہیل چیئر پر بیٹھے معذور چور نے بینک لوٹ لیا

نیویارک: امریکا میں ڈکیتی کی ایک انوکھی واردات ہوئی جہاں ہٹے کٹے انسان کے بجائے وہیل چیئر پر بیٹھے معذور چور نے نہ صرف بینک لوٹا بلکہ باآسانی فرار بھی ہوگیا۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق نیویارک  کے بینک میں ہونے والی ڈکیتی نے سب کو حیرانی میں مبتلاکردیا ہے،پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واردات  نیویارک کے علاقے کوئنز میں ہوئیں جہاں بینک میں وہیل چیئر پر بیٹھا شخص بینک میں داخل ہوا اور اس نے ایک تحریری پیغام کے ذریعے  کاؤنٹر پرموجود کیشیئراپنے مسلح ہونے سے آگاہ کرتے ہوئے رقم اس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جس پر کیشیئر نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے خاموشی سے اپنے پاس موجود ساری رقم ملزم کے حوالے کر دی جو پولیس کے مطابق ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپےتھی۔

واردات میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دوران ملزم نے نہ تو اسلحہ کی نمائش کی اور نہ ہی  بینک کے کسی عملے کو حراساں کیا اور وہ لوٹی ہوئی رقم جیب میں ڈال کر باآسانی  وہیل چیئر پر ہی فرار ہوگیا جب کہ اس دوران کسی نے بھی اس کو پکڑنے یا اس کا پیچھا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ملزم کے فرار ہونے کے بعد پولیس کو فوری طور پر واردات کی اطلاع دی گئی تاہم پولیس کے ہیلی کاپٹر میں پہنچنے کے باوجود معذور چور وہاں سے رفوچکر ہوگیا۔

واضح رہے کہ نیویارک میں یہ معذور چورکی جانب سے چوری کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی ایک 60 سالہ شخص کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیاتھا جب وہ وہیل چیئر پربینک لوٹ کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔