سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سی این جی کی قیمت میں 30 روپے90 پیسے فی کلو کمی

اسلام آ باد: سپریم کورٹ کے حکم کے بعد اوگرا نے سی این جی کی قیمت میں 30 روپے 90 پیسے فی کلو کمی کر کے نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔

اوگرا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق سی این جی کی قیمت میں30 روپے 90 پیسے فی کلو کمی کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبرسے ہوگا۔

دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ آپریشنل کاسٹ کے تعین تک سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے کیوں کہ اوگرا کی جانب سے جو نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے اس میں نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے طے پایا ہے لہٰذا سی این جی موجودہ نرخوں پر ہی فروخت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے سی این جی اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اپنے حکم میں سی این جی کی آپریٹنگ کاسٹ اور منافع کو غیر قانونی قرار دے کر ہفتہ وار قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ بھی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔اس موقع پرسیکریٹری یپٹرولیم وقارمسعود نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ سی این جی کی قیمت یکم جولائی 2012 کی سطح پر لائی جائے گی جو کہ 6 ماہ تک نافذالعمل رہے گی۔