سارے مخالفین اکٹھے ہوکربھی پی پی کامقابلہ نہیںکرسکے،کائرہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے، ملتان کے ضمنی انتخابات میں عبدالقادر گیلانی کی کامیابی ان لوگوں کے لیے واضح پیغام ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عوام میں مقبول نہیں رہی، ملتان کے عوام نے دوسری مرتبہ سرخرو کیا، ضمنی انتخابات میں لوگوں نے سرائیکی صوبے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

پی ٹی وی سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ حلقہ این اے151 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی آسان جیت نہیں، اس حلقے میں پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں سے مقابلہ تھا، انھوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو آئین کا تحفظ کرنے پر ہٹایا گیا اور عبدالقادرگیلانی کو انتخابی مہم چلانے کے لیے بہت کم دن ملے تھے،

پنجاب حکومت مخالف امیدوار کی بھرپور حمایت کررہی تھی، ہماری کامیابی آئندہ انتخابات کے حوالے سے مخالفین کے لیے بھی واضح پیغام ہے کہ اگر سارے مخالفین بھی اکٹھے ہوجائیں تو پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے، انھوں نے کہا کہ لوگوں نے پروپیگنڈے کا شکار ہوئے بغیر ہمارا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیں گے۔