حیرت انگیز کرتب دکھانے کا ماہر فلسطینی لڑکا

غزہ: غزہ فلسطین کا رہائشی کمسن لڑکا اپنی عجیب و غریب حرکات اور کرتبوں کی وجہ سے اسپائیڈر مین کے نام سے مشہور ہے اور اسی بنا پر وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے کا بھی خواہش مند ہے۔

12 سالہ محمد الشیخ اپنے جسم کو مختلف 33 اندازوں میں موڑ کر دکھا سکتا ہے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ طریقوں سے جسم کو موڑ کر دکھانے والے شخص کے پاس 29 انداز موجود تھے یہی وجہ ہے کہ محمد الشیخ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرنے کی بھی درخواست دے رکھی ہے۔

4 فٹ 6 انچ قد اور 64 پونڈز وزن کا حامل یہ 12 سالہ اسپائیڈرمین اپنے جسم کو ایسے ایسے انداز میں موڑ سکتا ہے کہ دیکھنے والے حیران رہ جائیں۔ ہاتھوں کے بل پر زمین پر کھڑا ہونا تو اس کے لیے عام سی بات ہے یہ اسپائیڈر مین اونٹ پر بھی ہاتھوں کے بل ٹانگیں اوپر کر کے کھڑا ہو سکتا ہے۔