پٹھان کوٹ واقعہ پر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے سربراہ کا بیان ہمارے مؤقف کی تصدیق ہے، دفترخارجہ

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے پٹھان کوٹ واقعے میں پاکستان کو کلین چٹ ملنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنسی این آئی اے کے سربراہ کا بیان پاکستانی مؤقف کی تصدیق ہے جب کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن پسندی پریقین رکھتا ہے۔

پٹھان کوٹ واقعہ پر بھارتی تحقیقاتی سربراہ کی جانب سے تحیقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ایجنسی این آئی اے کے سربراہ کا بیان پاکستانی مؤقف کی تصدیق ہے اور واقعہ پر فوری ایکشن پاکستان کے تعاون کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن پسندی پریقین رکھتا ہے اور جےآئی ٹی دورہ بھارت میں شیئرکی گئی معلومات کاجائزہ لے رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں اور دہشت گردوں کی مالی معاونت میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے پر ہمیں گہری تشویش ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کے سربراہ نے پٹھان کوٹ واقعہ پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات میں پاکستان یا اس کے کسی ادارے کے ملوث ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔