بھارت میں بیوی اور بیٹی کے بعد سابق اعلیٰ افسر کی بیٹے کے ساتھ خودکشی

نئی دلی: بھارت میں خود کشی کا رحجان بہت تیزی سے فروغ پا رہا ہے، کبھی مقبوضہ کشمیر میں تعینات فوجی خود کشیاں کر رہے ہیں تو کبھی زیادتی کا شکار خواتین اور اداکارائیں خود کشیاں کر رہی ہیں اور تازہ ترین واقعہ میں بیوی اور بیٹی کے بعد ایک سابق بیورو کریٹ نے بیٹے کے ہمراہ خود کشی کر لی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) کی جانب سے کرپشن کے الزامات میں زیر تفتیش سابق بیوروکریٹ بی کے بنسل نے بیٹے سمیت خود کشی کر لی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی لاشیں نئی دلی میں واقع اپنے اپارٹمنٹ سے ملی ہیں۔

بیوروکریٹ باپ اور بیٹے کی جانب سے سی بی آئی کے نام الگ الگ خط تحریر کئے گئے جس میں کہا گیا کہ ان کی بہت زیادہ تذلیل کی گئی جس کے بعد اس دنیا میں رہنا نہیں چاہتے تاہم دونوں نے کسی کو بھی اپنی موت کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا۔

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل بی کے بنسل کی 57 سالہ اہلیہ ستیا بالا اور 27 سالہ بیٹی نیہا نے بھی اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی تھی۔