پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجربنچ تشکیل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجربنچ تشکیل دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق یکم نومبرکوپاناما لیکس پردرخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجربنچ کرے گا۔ بنچ کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انورظہیرجمالی کریں گے جب کہ بنچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ ،جسٹس امیرہانی مسلم ،جسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس اعجازالحسن شامل ہوں گے۔ لارجربنچ پانامہ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے گا۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں ،اسحاق ڈار، کیپٹن صفدراورعمران خان سمیت تمام فریقین کونوٹسزموصول ہوچکے ہیں جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے بھی اس معاملے پرعدالت عظمیٰ کی کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اورمکمل شفافیت پرکامل یقین رکھتے ہیں۔