سی ٹی ڈی کی شیخوپورہ میں کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے شیخوپورہ بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شیخوپورہ بائی پاس کے قریب کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 3 کلو بارودی مواد، پستول اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جب کہ دہشت گرد انسپکٹر راجہ ثقلین سمیت درجنوں افراد کے قتل میں ملوث تھے اور دہشت گردوں کی شناخت میں آصف چھوٹو، ڈاکٹر شاکر اور نورالامین کے نام سے ہوئی۔