پاکستان سپر لیگ کے معاوضوں کے لئے کھلاڑیوں کی پانچ کیٹیگریز کااعلان

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے پلیئرز کو پانچ کیٹگریز میں تقسیم کر کے بنیادی قیمت کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان سپرلیگ  کے ایم ڈی سلمان سرور بٹ اور ایڈوائزر ہارون لورگاٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریزمیں شامل کیا جائے گا،ڈائمنڈز کیٹیگری  میں شامل ہونے والے کھلاڑی کی بنیادی قیمت ایک لاکھ ڈالر،پلاٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑی کی بنیادی قیمت 75 ہزارڈالر جب کہ گولڈ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 50  ہزار ڈالر ہوگی، سلور کیٹیگری میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 25 ہزار ڈالر اور ایمرجنگ پلیئر کی بنیادی قیمت 5 سے 10 ہزار ڈالر کے درمیان ہوگی۔

ہارون لورگٹ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا یا کسی دوسرے ملک کی پلیئرز ایسوسی ایشنوں کے  بیانات افسوسناک ہیں کیونکہ پاکستان اور خاص طور پر لاہور کے سیکیورٹی حالات کہیں بہتر ہیں اور یہاں غیر ملکی کھلاڑیوں کو سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔

اس موقع پر سلمان سرور بٹ نے کہا کہ لیگ کو پاکستان سے باہر لے جانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، سپر لیگ جن شہروں میں کھیلی جائے گی اس  کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔