پاناما کیس کی سماعت کے دوران شیخ رشید کی خراٹوں بھری نیند

 اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران شیخ رشید خراٹوں سے بھر پور نیند لیتے رہے۔

سپریم کورٹ میں پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران فریقین کے دلائل جاری ہیں اور کیس کی اہمیت کی بدولت کمرہ عدالت سیاستدانوں اور وفاقی وزرا سے بھرا رہتا ہے لیکن ملسل تیسرے دن کی طویل سماعت نے پیشی پر آنے والے سیاستدانوں کو تھکا دیا ہے۔

بدھ کے روز پاناما کیس کی سماعت کے دوران وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث کے دلائل اور فاضل جج صاحبان کے مکالموں نے وہاں موجود سیاستدانوں کو سونے کا موقع فراہم کردیا، ایک وقت میں  شیخ رشید، نذر محمد گوندل، فیصل کریم کنڈی اور طاہرہ اورنگزیب کو نیند کے مزے لیتے دیکھا گیا جب کہ شیخ رشید اپنی نیند پوری کرتے رہے اور بھرپور خراٹے بھی لیتے رہے۔ شیخ رشید کے خطرناک خراٹوں کی آواز زیادہ بلند ہوئی تو برابر میں موجود شخص نے آواز دے کر اٹھا دیا تاہم اس کے بعد بھی وہ مسلسل نیند کے جھونکے لیتے رہے۔

واضح رہے کہ پاناما کیس میں عمران خان اور سراج الحق کے علاوہ شیخ رشید احمد بھی مدعی ہیں۔