پاک فضائیہ کا ایف سیون پی جی طیارہ گرکرتباہ

سرگودھا: بھاگٹانوالہ کے قریب پاک فضائیہ کا ایف سیون پی جی طیارہ گرکرتباہ جب کہ پائلٹ شدید زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پاک فضائیہ کے ایف 7 پی جی طیارے نے کوئٹہ کے سمنگلی ایئر بیس سے معمول کے مطابق تربیتی پروازکے لیے اڑان بھری تھی تاہم طیارہ سرگودھا کے علاقے بھاگٹانوالہ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔  حادثہ کے بعد پاک فضائیہ کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورجائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں ایک پائلٹ سوارتھا جسے زخمی حالت میں ریسکیوکرلیا گیا ہے۔ پائلٹ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔