خواجہ آصف کی نااہلی کی درخواست، سماعت کیلیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے اقامے کی بنیاد پروزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت کیلیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے خواجہ آصف کی نااہلی لیے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل سکندر بشیر نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ خواجہ آصف غیر ملکی کمپنی کے مستقل ملازم ہیں اور وہ ماہانہ 50 ہزار درہم لیتے ہیں جس پر انہوں نے انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔خواجہ آصف کے اقامے کا معاملہ پاناما لیکس کیس جیسا ہی ہے خواجہ آصف نے اپنے تمام اثاثے ظاہرنہیں کیے اور غیر ملکی کمپنی سے ہونے والی آمدنی کو چھپایا جس پر وہ آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے لہذا عدالت اثاثے ظاہر نہ کرنے پر خواجہ آصف کو نااہل قرار دے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:خواجہ آصف کی نا اہلی کے لیے تحریک انصاف نے درخواست دائر کر دی

دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفتسار کہ کیا یہ کیس لاہور ہائی کورٹ کا نہیں بنتا۔ وکیل بھی جب کوئی دوسرا کام کرتا ہے تو وکالت کا لائسنس معطل کر دیا جاتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست کی سماعت  لارجر بینچ میں کرانے کے لیے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بجھوا دیا۔