تربیتی کیمپ ؛ کوچز کی توجہ مڈل آرڈرکومستحکم بنانے پر مرکوز

 لاہور:  سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ میں کوچز کی توجہ مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر مرکوز رہی،اظہر علی،اسد شفیق، بابر اعظم اور حارث سہیل نے بھرپور نیٹ پریکٹس کی، پیسرز حسن علی، محمد عامر،محمد عباس، وہاب ریاض اور میر حمزہ نے بھی صلاحیتیں نکھاریں،بارش کی وجہ سے دوسرا سیشن صرف 20منٹ تک محدود رہا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کو رواں ماہ کے اختتام سے سری لنکا کیخلاف یواے ای میں ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہے، تیاری کیلیے کیمپ لاہور میں جاری ہے، گزشتہ روز صبح کے سیشن میں کھلاڑی وارم اپ کے بعد کمر پر باندھی گئی بیٹ اور رسے کو کھینچتے ہوئے جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے،اسٹیو رکسن نے فیلڈنگ ڈرلز میں سب سے زیادہ توجہ سلپ کیچز پر دی،اسدشفیق،بابر اعظم اور شان مسعود چھوٹے بیٹ کو چھوکر آنے والی گیندوں پر لپکتے رہے،رکسن کے عقب میں سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کرتے نظر آئے، اظہر علی نے ہلکی پھلکی ٹریننگ کے بعد کلوز فیلڈنگ کی مشق بھی کی۔

فٹنس پر شکوک دور کرنے کیلیے ان کا ٹرینر کیساتھ ایک الگ سیشن بھی ہوا، مینجمنٹ اظہر علی کے حوالے سے خاصی تشویش میں مبتلا اور اس کیلیے ہرممکن کوشش کررہی ہے، سینئرز یونس اور مصباح کا خلا پُر کرنے کیلیے فکرمند آرتھر اور بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے مڈل آرڈرکو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی، اظہر علی،اسد شفیق، بابر اعظم اور حارث سہیل کو بھرپور نیٹ پریکٹس کرائی گئی، چاروں نے پیسرز کے بعد اسپنرز کا بھی سامنا کیا،فٹنس غیر معیاری ہونے کی اطلاعات کے باوجود یاسر شاہ بھرپور ردھم سے گیندیں پھینکتے نظر آئے، بولنگ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی میں پیسرز حسن علی، محمد عامر،محمد عباس، وہاب ریاض اور میر حمزہ نے بھی صلاحیتیں نکھاریں۔

دوسرا سیشن سہ پہر 3بجے شروع ہوا، ابھی 20منٹ کی پریکٹس ہوئی تھی کہ ہلکی بارش ہونے لگی،کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف خوشگوار موسم سے لطف اندوزہورہے تھے کہ اچانک تیز بارش شروع ہوگئی،کھلاڑی تیزی سے پویلین کی جانب بھاگے،گراؤنڈ اسٹاف نے ان کا سامان سمیٹنے میں مدد کی،کپتان سرفراز احمد سمیت چند فزیو کی گاڑی میں بیٹھ کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی روانہ ہوگئے۔