فلم ’پدماوتی‘ کی مشکل حل ہوگئی

جے پور: بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ کو راجھستان میں ریلیز کی اجازت مل گئی۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں تاریخ پر مبنی فلم ’پدوماتی‘ اپنے بننے کے ابتدا سے ہی مختلف تنازعات کا شکار رہی جس میں سب سے بڑا مسٔلہ راجپوت کمیونٹی کی جانب سے فلم میں راجکماری رانی پدماوتی کی کہانی کو غلط انداز میں بیان کرنے اور حقائق کو مسخ کرکے پیش کرنے کے الزام کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجھستان کے وزیر داخلہ نے فلم ’پدماوتی‘ کو ریلیز کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ فلم کو ہندو راجپوت کمیونٹی کے جذبات کو خاطر خواہ رکھتے ہوئے راجھستان میں بھی ریلیز کیا جائے گا لیکن کمیٹی ریلیز سے قبل فلم کا جائزہ لے گی اور قابل اعتراض مناظر کو خارج کرنے کا مطالبہ کرے گی۔

فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی پہلے ہی راجپوت کمیونٹی کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے فلم سے کئی اہم سین کاٹ چکے ہیں لیکن اس کے باوجود چند حلقوں کی جانب سے فلم کی ریلیز کی مخالفت کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ فلم’پدماوتی‘ میں دیپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ فلم یکم دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔