براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 6.1 فیصد اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعرات 17 اپريل 2014
سب سے زیادہ سرمایہ کاری تیل وگیس کی تلاش کیلیے 34کروڑ 69 لاکھ ڈالر ہوئی، اسٹیٹ بینک۔   فوٹو: فائل

سب سے زیادہ سرمایہ کاری تیل وگیس کی تلاش کیلیے 34کروڑ 69 لاکھ ڈالر ہوئی، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 6.1 فیصد اضافے سے 66 کروڑ 98 لاکھ ڈالر رہی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے مارچ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد (انفلوز) 1 ارب 42 کروڑ 45 لاکھ ڈالر اور انخلا (آؤٹ فلوز) 75کروڑ 47لاکھ ڈالر رہا، اس طرح خالص براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 66کروڑ 98لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 63کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 5.2 فیصد کمی سے 78 کروڑ 26ل اکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 82 کروڑ 59 لاکھ ڈالر رہی تھی، رواں مالی سال غیرملکی نجی سرمایہ کاری 13.2فیصد کمی سے 82کروڑ 97لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 72 کروڑ 2لاکھ ڈالر رہی ہے۔

پورٹ فولیو سرمایہ کاری 74.6 فیصد کمی سے 19 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 5 کروڑ 4 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ 9 ماہ کے دوران سب سے زیادہ 34 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کی گئی، فنانشل بزنس میں 11 کروڑ 87 لاکھ ڈالر، فوڈ سیکٹر میں براہ راست سرمایہ کاری 73 ملین ڈالر رہی، پاور سیکٹر میں 28.7 ملین ڈالر، بیوریجز کے شعبے میں 23.5 ملین ڈالر، ٹوبیکو سیکٹر میں 55.5 ملین ڈالر، کیمیکلز کے شعبے میں 76 ملین ڈالر، سیمنٹ میں 15.4 ملین ڈالر، آٹو موبائل سیکٹر میں 20 ملین ڈالر، کنسٹرکشن سیکٹر میں 16 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، کمیونی کیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری منفی 132.5ملین ڈالر رہی، پٹرولیم ریفائننگ کے شعبے میں ایف ڈی آئی منفی 13.2 ملین ڈالر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔