آئی پی ایل؛ نائٹ رائیڈرز نے آخری گیند پر میدان مارلیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 25 اپريل 2014
شارجہ: آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اوپنر جیک کیلس شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، انھوں نے 43 رنز اسکور کیے، عقب میں بنگلور کے وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل مستعد۔ فوٹو: آئی پی ایل

شارجہ: آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اوپنر جیک کیلس شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، انھوں نے 43 رنز اسکور کیے، عقب میں بنگلور کے وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل مستعد۔ فوٹو: آئی پی ایل

شارجہ: انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آخری گیند پر میدان مارلیا، رائل چیلنجرز بنگلور کو 2 رنز سے پچھاڑ دیا۔

البائی مورکل فتح کیلیے درکار چوکا جڑنے میں ناکام رہے، 151 رنز کا تعاقب کرنے والی بنگلور کی ٹیم 5 وکٹ پر 148 رنز بناپائی، اس سے پہلے کولکتہ نے 7 وکٹ پر 150 رنز بنائے، کرس لین 45 اور جیک کیلس 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تفصیلات کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلورنے 151 رنز کے ہدف کا عمدگی سے تعاقب شروع کیا، پہلی وکٹ جب گری تو اسکور بورڈ پر7.4 اوورز میں 67 رنز بن چکے تھے،  یوگیش تاکاوالے نے 40 جبکہ ویرات کوہلی اور یوارج سنگھ نے 31، 31 رنز بناکر ٹیم کو ٹارگٹ کے قریب پہنچایا۔

آخری اوور کی چوتھی گیند پر ڈی ویلیئرز (11) اس وقت آئوٹ ہوگئے جب ٹیم کو فتح لیے مزید 6 رنز درکار تھے، اگلی گیند پر البائی مورکل نے دو رنز لیے تاہم آخری بال پرونے کمار نے لو فل ٹاس کی بدولت انھیں فتح کیلیے درکار چوکا نہیں جڑنے دیا۔ اس سے پہلے کولکتہ نے 7 وکٹ پر 150 رنز بنائے، کرس لین نے 45، جیکس کیلس نے 43اور سریاکمار یادیو نے ناٹ آئوٹ 24 رنز اسکور کیے، ورون ایرون نے 3 اور مچل اسٹارک نے دو وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔