ویمنز ون ڈے میں بیٹنگ لائن کی ناکامی پاکستان کو لے ڈوبی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 22 اگست 2014
برسبین: آسٹریلیا کیخلاف پہلے ویمنز ون ڈے میں پاکستانی کپتان ثنا میر کے کلین بولڈ ہونے کا منظر، وہ صرف ایک رن بنا سکیں، بیٹنگ لائن کی تباہی کے سبب مہمان سائیڈ کو چار وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔  فوٹو: اے ایف پی

برسبین: آسٹریلیا کیخلاف پہلے ویمنز ون ڈے میں پاکستانی کپتان ثنا میر کے کلین بولڈ ہونے کا منظر، وہ صرف ایک رن بنا سکیں، بیٹنگ لائن کی تباہی کے سبب مہمان سائیڈ کو چار وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: اے ایف پی

برسبین: آسٹریلیا کیخلاف پہلے ویمنز ون ڈے میں بیٹنگ لائن کی ناکامی پاکستان کو لے ڈوبی، میزبان نے4 وکٹ سے فتح حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے صرف 33 رنز پر4 وکٹیں گنوا دیں، بسمہٰ معروف اور ندا ڈار کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 89 رنز کی شراکت نے ٹوٹل 157 تک پہنچایا،میزبان نے جیس کیمرون کی ناقابل شکست ففٹی کی بدولت ہدف 6 وکٹ پر حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ناقص بیٹنگ نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو دورئہ آسٹریلیا کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار کردیا،گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنرز ثانیہ خان (7) اور اسماویہ اقبال (15) کی وکٹیں 23 رنز کے سفر میں گنوا دیں۔

کپتان ثناء میر صرف ایک رن کی مہمان ثابت ہوئیں، نین عابدی کی اننگز 2 تک محدود رہی، صرف 33 پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد بسمہٰ معروف نے 53 رنز کی اننگزکے دوران ندا ڈار (40) کیساتھ 89 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سنبھالا دیا لیکن دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی ایک بار پھر وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، مرینہ اقبال(15) اور کانتا جلیل (16) کے سوا کسی کو ڈبل فیگر تک پہنچنے کا بھی موقع نہ ملا۔

کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والی سدرہ نواز 1 اور ماہم طارق 2 رنز بناسکیں،آخری 6 وکٹیں صرف 35 رنز کے سفر میں گریں، رینی فیرل،جولی ہنٹر، سارا کوئیٹ اور جیس جوناسن نے 2،2وکٹوں کا بٹوارہ کیا،میگان شوٹ ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

آسٹریلیا کی جوابی اننگز میں ایلیسا ہیلی(6) اور میگ لیننگ(18) نے جلد ہتھیار ڈال دیے، جیس کیمرون نے دوسرے اینڈ پر گرنے والی وکٹوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر 36.1 اوورز میں ٹیم کی نیا پار لگا دی، اس دوران ایلکس بلیک ویل 18، جیسی جوناسن 2 اور ایرن اوسبورن 10 رنز بناکر ان کا ساتھ چھوڑ گئیں، ثنا میر 3 وکٹیں لینے کے باوجود ٹیم کو 4 وکٹ کی شکست سے نہ بچا سکیں، کانتا جلیل، سعدیہ یوسف اور بسمہٰ معروف نے ایک ایک پلیئر کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔