غیر پیشہ ورانہ رویے پر احمد شہزاد رمیز کے ریڈار میں آگئے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 16 ستمبر 2014
نجانے کس بات کی اکڑ آگئی، میدان میں ایسے پھرتا ہے جیسے بہت بڑا کرکٹر ہو، سابق قائد  فوٹو؛فائل

نجانے کس بات کی اکڑ آگئی، میدان میں ایسے پھرتا ہے جیسے بہت بڑا کرکٹر ہو، سابق قائد فوٹو؛فائل

لاہور: غیرپیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے احمد شہزاد سابق کپتان رمیزراجہ کے ریڈار میں آگئے، انھوں نے کہا کہ اوپنر میں نجانے کس بات کی اکڑ آگئی، میدان میں ایسے پھرتا ہے جیسے بہت بڑا کرکٹر ہو، آؤٹ ہونے پر بھی کوئی پشیمانی نہیں ہوتی، لاہور لائنز کا حال بھی پاکستانی ٹیم جیسا ہی ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ڈومیسٹک چیمپئن ٹیم اس وقت بھارت میں چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل رہی ہے، رمیز راجہ تبصرے کیلیے وہاں موجود ہیں،منگل کو ایک انٹرویو میں انھوں نے کھلاڑیوں کے غیر پیشہ ورانہ رویے کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، سابق کرکٹر نے کہا کہ لاہور لائنزکا حال بھی پاکستانی ٹیم جیسا ہی ہورہا ہے، ممبئی انڈینز ہوم کراؤڈ کی توقعات کے بوجھ تلے دب کر پرفارم نہ کرسکے تاہم نیوزی لینڈ کی ناردرن ڈسٹرکٹس  نے محمد حفیظ الیون کی کمزوریاں آشکار کردیں،کھلاڑی حبس زدہ  موسم میں پرفارم کرنے کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہی نہیں تھے، ایک بولر کی پٹائی ہو تو دیگر بھی گھبرا جاتے ہیں، فٹنس ایسی کہ تھرو وکٹ تک نہیں پہنچ پارہی تھی، کرکٹرز کے رویے پروفیشنل بنانے کیلیے ابھی بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ احمد شہزاد کا انداز دیکھ کر لگتا ہے کہ 150 ٹیسٹ کھیل لیے، اس میں نجانے کس بات کی اکڑ آگئی، میدان میں ایسے پھرتا ہے جیسے کوئی عظیم کرکٹر ہو، آؤٹ ہونے کے بعد کوئی پشیمانی بھی نہیں ہوتی، جو کھلاڑی ملک کی  نمائندگی کرے اسے تو پروفیشنل ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کے دوسرے میچ میں بھاری مارجن سے شکست کے بعد یوں تو پیش قدمی انتہائی مشکل ہوگئی تاہم پاکستانی کرکٹرز حیران کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن سدرن ایکسپریس کو زیر کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔