کراچی حصص مارکیٹ اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار

بزنس رپورٹر  جمعرات 18 ستمبر 2014
انڈیکس 43 پوائنٹس گھٹ کر 30136 ہوگیا، سرمایہ کاروں کو 13 ارب 74 کروڑ کا نقصان۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

انڈیکس 43 پوائنٹس گھٹ کر 30136 ہوگیا، سرمایہ کاروں کو 13 ارب 74 کروڑ کا نقصان۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بعض لسٹڈ کمپنیوں کی توقعات کے برعکس مالیاتی نتائج اور منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے کے باعث بدھ کو اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے۔

مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے13 ارب74 کروڑ50 لاکھ64 ہزار 264 روپے ڈوب گئے، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر90 لاکھ 49 ہزار956 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جس سے ایک موقع پر87 پوائنٹس کی تیزی ہوئی،اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 20 لاکھ 79 ہزار 145 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں53 لاکھ 20 ہزار74 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے16 لاکھ 50 ہزار737 ڈالر کے انخلا نے تیزی کے اثرات زائل کر دیے۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 43.73 پوائنٹس کی کمی سے 30136.57 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 50.76 پوائنٹس کی کمی سے 20766.24 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 196.19 پوائنٹس کی کمی سے49107.21 ہو گیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 21.44 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ 33 لاکھ 98 ہزار 790 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار403 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں188 کے بھاؤ میں اضافہ، 187 کے داموں میں کمی اور28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔