جوہر جونیئر ہاکی ؛ پے در پے شکست، پاکستان ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

اسپورٹس رپورٹر  منگل 13 اکتوبر 2015
آسٹریلیا نے بھی گرین شرٹس کو 6-2 سے زیر کرلیا، قومی ٹیم کے دونوں گول علی مبشر نے پنالٹی کارنرز پر بنائے، انگلینڈ نے بھارت کی بلند پرواز روک دی فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے بھی گرین شرٹس کو 6-2 سے زیر کرلیا، قومی ٹیم کے دونوں گول علی مبشر نے پنالٹی کارنرز پر بنائے، انگلینڈ نے بھارت کی بلند پرواز روک دی فوٹو: فائل

لاہور:  سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ بھی ہارکرفائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، آسٹریلیا نے گرین شرٹس کیخلاف  6-2سے فتح پائی، پاکستان کی طرف سے دونوں گول علی مبشر نے پنالٹی کارنرز پر کیے، فاتح ٹیم کی طرف سے اینڈریو اسکن لون اور میکس ہینڈری نے 2، 2  جبکہ ہیڈن بلٹز اور میتھیو برڈ نے ایک ایک بار گیند کوجال کی راہ دکھائی۔ انگلینڈ نے2 گول کے خسارے میں جانے کے باوجود بھارت کو 4-3 سے شکست دی، ملائیشیا اور ارجنٹائن کا میچ 2-2سے برابر پر تمام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں  جاری سلطان جوہر جونیئرہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز قومی ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں بھی 2کے مقابلے میں 6گول سے شکست کھانے کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل روایتی حریف بھارت نے پہلے میچ میں پاکستان کو 5-1سے شکست دی تھی۔ تمن دایا سٹیڈیم میں ہونیوالے اس میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور پاکستان جونیئر ٹیم پر پے در پے حملے کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اورپہلے ہاف کے اختتام پر ایک کے مقابلے میں 4گول کی برتری حاصل کر لی۔

دوسرے ہاف میں کینگروز نے مزید 2گول کر کے اپنی فتح پرمہرثبت کی، اس ہاف میں بھی پاکستانی ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہی، آسٹریلیا کے اینڈریو اسکن لون اور میکس ہینڈری نے 2، 2 جبکہ ہیڈن بلٹز اور میتھیو برڈ نے ایک ایک بارگیندکوجال میں پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے علی مبشر نے دونوں گول پنالٹی کارنر پر بنائے،  جونیئر ٹورنامنٹ میں 2 میچ ہارنے کے بعد قومی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی،گذشتہ روز مزید دو میچزکا فیصلہ ہوا،انگلینڈ نے2  گول کے خسارے میں جانے کے باوجود بھارت کو 4-3 سے شکست دی جبکہ ملائیشیا اور ارجنٹائن کا میچ 2-2سے برابر رہا۔دوسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، انگلش ٹیم نے  2 مقابلوں میں حصہ لے کر دونوں میں کامیابی حاصل کی۔

ارجنٹائن 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اوربھارت 3 پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا 3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، ملائیشیا ایک پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستانی ٹیم ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری  نمبر پر ہے۔ 14اکتوبر کو ایونٹ کے مزید تین مقابلے ہوں گے، پاکستان اپنا تیسرا میچ انگلینڈ کیخلاف کھیلے گا، دوسرے میچ میں بھارت اورارجنٹائن کی  ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی جبکہ تیسرے میچ میں میزبان ملائیشیا کی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔