کبڈی اور بلائنڈ کرکٹ: پاکستان فیصلہ کن معرکے میں رسائی کیلئے کوشاں

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 12 دسمبر 2012
آج بھارتی سرزمین پر انگلش اسکواڈ سے سنسنی خیز ٹوئنٹی 20 مقابلہ ہو گا، ذیشان عباسی فٹ، پہلوان کینیڈین حریفوں کو خاک چٹانے کی کوشش کریں گے  فوٹو: اے ایف پی / فائل

آج بھارتی سرزمین پر انگلش اسکواڈ سے سنسنی خیز ٹوئنٹی 20 مقابلہ ہو گا، ذیشان عباسی فٹ، پہلوان کینیڈین حریفوں کو خاک چٹانے کی کوشش کریں گے فوٹو: اے ایف پی / فائل

لاہور: ٹوئنٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بدھ کو پاکستان کا سنسنی خیز مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

کبڈی ورلڈکپ کے فیصلہ کن معرکے میں رسائی کا عزم لیے پاکستانی اسکواڈکینیڈا سے ٹکرائے گا۔ تفصیلات کے مطابق مختلف کھیلوں سے وابستہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ماضی کی سنہری یادوں کو دوبارہ تازہ کرتے ہوئے ان دنوں غیر معمولی کارکردگی دکھانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، محمد آصف نے بلغاریہ میں اسنوکر ورلڈکپ جیت کر دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرایا، ہاکی ٹیم نے آسٹریلیا میں بھارت کو ہرا کر برانز میڈل جیتا، اب بلائنڈ اور کبڈی ٹیمیں بھی بھارتی سرزمین پر شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں، بھارتی شہر بنگلور میں جاری پہلے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز بدھ کو کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں پاکستان اور انگلینڈ جبکہ دوسرے میں بھارت اور سری لنکا کا سامنا ہو گا۔

گرین شرٹس نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام لیگ میچز جیت کر ٹاپ پوزیشن حاصل کی، بھارت دوسرے، سری لنکا تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر رہا۔یاد رہے کہ پاکستان ٹورنامنٹ میں 8فتوحات کے ساتھ ناقابل شکست ہے، غلطی سے ڈیٹرجنٹ پینے والے کپتان ذیشان عباسی بھی میچ میں شرکت کریں گے، وہ آخری2 میچز میں ٹیم کی قیادت نہیں کر سکے تھے۔ دوسری جانب کبڈی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستانی پہلوان کینیڈین حریفوں کو خاک چٹانے کی کوشش کریں گے، گذشتہ میگا ایونٹ میں بھی اس مرحلے میں یہی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئی تھیں۔

4

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا محمد سرور کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم ٹرافی جیت کر ملک کا نام روشن کرے گی، پلیئرز نے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کا مورال بلند اور وہ جیت کے جذبے سے سرشار ہیں، ٹیم سیمی فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈا کو قابو کر لے گی، انھوں نے کہا کہ ہم نے کینیڈین ٹیم میں بھارتی کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر بھارتی انتظامیہ سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔